2015-08-03

سلاؤ ۔یو۔کے( رپورٹ و تصاویر: ساجد کشمیری) جامع مسجد اینڈ اسلامک سینٹر، سٹوک پوجز لین، سلاؤ کا دورہ۔برٹش کشمیری کمیونٹی راہنماؤں چوہدری مشتاق حسین( جنرل سیکرٹری، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، سلاؤ برانچ (برطانیہ )، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے معتمد خاص راجہ عابد پہلوان (مرکزی راہنماء کشمیر تحریک انصاف برطانیہ) اور راجہ طاہر سلیم کا جامع مسجد اینڈ اسلامک سینٹر، سٹوک پوجز لین، سلاؤ (برکشائر کاؤنٹی) انگلینڈ (یوکے) میں لیا گیا گروپ فوٹو۔ ملکۂ برطانیہ کی آبائی رہائش گاہ ونزر کاسل( قلعہ ونڈسر) سے صرف چند میل کے فاصلے پر سلاؤ ٹاؤن میں واقع یہ بہت خوبصورت مسجدوں میں سے ایک ہے۔ اس مسجد میں ہزاروں نمازی بیک وقت باجماعت نماز ادا کر سکتے ہیں۔نماز جمعہ اور عیدین کے موقع پر بہت رش دیکھنے میں آتا ہے اور عمومی طور پر عید کی تین یا اس سے زائد باجماعت نماز کی جماعتیں ہوتی ہیں۔اس مسجد کی تین منزلیں ہیں۔ مین ہال (گراؤنڈ فلور)، فرسٹ فلور( پہلی منزل) اور بیسمنٹ (تہہ خانہ) بھی ہے۔حال ہی میں جامع مسجد کی تزئین و آرائش کے علاوہ نئے طہارت خانے اور وضو خانے تعمیر کئے گئے ہیں۔جہاں پر معذور افراد کیلئے بھی سہولتیں رکھی گئی ہیں۔وضو خانوں کے ساتھ میت کو غسل دینے کیلئے اور سرد خانے میں رکھنے کیلئے بھی جگہ بنائی گئی ہے۔جن کے ساتھ مرد اور خواتین کیلئے الگ سے دو ہال تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ وہاں افسوس اور تعزیت کے لئے آنے والے افراد بیٹھ سکیں ۔اس وقت بھی جامع مسجد کی انتظامیہ نے مسلم کمیونٹی کو یہ سہولت مہیا کر رکھی ہے کہ وہ تعزیت کیلئے بیٹھنے والوں کو بسیمنٹ مہیا کرتی ہے جبکہ نماز جنازہ کی ادائیگی کیلئے بھی میتیں یہاں پر لائی جاتی ہیں۔ جامع مسجد کا اپناوسیع کار پارک ہے۔جہاں پر نمازی اپنی گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں۔ جامع مسجد کی ایک لائیبریری بھی ہے۔ جبکہ برطانیہ کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے بچوں سمیت دیگر مقامی کمیونٹی افراد اور چرچ (گھرجا گھروں) کے وفود بھی اسلام سے متعلق آگاہی اور اتحاد بین الامذاہب کے تحت خیر سگالی کے جذبہ سے جامع مسجد کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔ جامع مسجد کی انتظامیہ نمازیوں کے مشوروں سے کام کرتی ہے جبکہ تمام حساب کتاب بھی بتاتی ہے۔ رمضان المبارک کے بعد فطرانہ، ذکواۃ، صدقات اور خیرات کی رقم غریب، مساکین ، ضرورت مند افراد اور محتاجوں کوبھیجی جاتی ہے۔ بہت سے نمازی بھی اپنے اپنے علاقوں اور ملکوں میں رہنے والے مستحق افراد کیلئے رمضان المبارک میں مسجد کمیٹی کے اراکین کے پاس درخواست جمع کرواتے ہیں ۔جن پر غور وخوض کے بعد عید کے بعد عملدرآمد کیا جاتا ہے اور چیک کاٹ کر دیئے جاتے ہیں۔جو وہ یہ رقم متعلقہ افراد تک پہنچا کر وہاں سے آنے والی رسید جامع مسجد اینڈ اسلامک سینٹر کے ٹرسٹی صاحبان کے نام پہنچاتے ہیں۔ جامع مسجد میں رمضان میں افطاری کا بھی انتظام موجود ہوتا ہے جبکہ ہر سال چالیس کے قریب افراد اعتکاف بھی بیٹھتے ہیں۔ جامع مسجد میں ہر سال بچوں کیلئے اوپن ڈے رکھا جاتا ہے جبکہ کئی ایک چیئرٹی ، فلاحی اور ویلفیئر کی سرگرمیوں کی تقریبات کیلئے بھی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔جامع مسجد میں قرآن پاک ناظرہ بچوں کو پڑھانے کی کلاسیں بھی چلتی ہیں اور ہفتہ وار کمیونٹی سکول بھی چلتا ہے۔ جامع مسجد اینڈ اسلامک سینٹر سلاؤ میں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے اور نہ ہی یہ مسجد کسی خاص مسلک یا مکتبۂ فکر کیلئے وقف ہے۔ اس جامع مسجد میں ہر کوئی مسلمان نمازی جس طرح سے چاہے، اپنے مسلکی طریقہ سے نماز پڑھ سکتا ہے ۔کسی پر کوئی روک یا پابندی نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو منع کیا جاتا ہے۔ جامع مسجد ،سٹوک پوجز لین، سلاؤ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، کشمیر، افغانستان، خلیجی ریاستوں کے عرب ، افریقہ اور یورپ سمیت چین اور انڈونیشیا سمیت دیگر خطوں کے رہنے والے برطانوی مسلمان شہری بھی نماز کی ادائیگی کیلئے آتے ہیں۔جامع مسجد میں لوگ ہر جمعہ کو اور دائریکٹ ڈیبٹ سے بھی چندہ دیتے رہتے ہیں۔اس مسجد کی کمیٹی کے افراد سڑکوں پر پیدل چل چل کر گھر گھر چندہ اکٹھا کرنے اور مانگنے کیلئے نہیں جاتے۔جامع مسجد کو آج تک سیاسی مقاصد کیلئے بھی استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں متحدہ عرب امارات کے شیخ النہیان ٹرسٹ نے بھی مدد اور تعاون کیا ہے۔ جامع مسجد کی اپنی ویب سائٹ موجود ہے جبکہ ای میل بھی ہے اور نمازیوں کو اسلامی آگہی سے باخبر بھی رکھا جاتا ہے۔ ہفتہ وار درس قرآن بھی دیا جاتا ہے۔ بچوں کیلئے انگلش میں لیکچر کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

The post Slough UK: Jamia Masjid & islamic centre Slough appeared first on My Pothwar.

Show more